پی ٹی آئی اب بھی مذاکرات کیلئے تیار ہے: بیرسٹر گوہر
انہوں نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کو مسئلے کا حل قرار دینے سے بھی انکار کیا۔
چارسدہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمان کو اپوزیشن اتحاد میں شامل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کیں، موجودہ سیاسی صورتحال میں تمام فریقین کو اپنی انا ختم کرکے مذاکرات کی میز پر بیٹھنا چاہیے تاکہ مسائل کا حل نکالا جا سکے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری کشیدگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقوں کی گاڑیاں کچے میں پھنسی ہوئی ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ ضد اور انا کو ایک طرف رکھ کر بات چیت کا راستہ اختیار کیا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ ان کی جماعت دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ریاست کے ساتھ کھڑی ہے، انہوں نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے متعلق کہا کہ انہوں نے کبھی دہشت گردوں کی حمایت میں بیان نہیں دیا۔
یہ بھی پڑھیں:اصولوں پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، ہر مصیبت برداشت کرنے کو تیار ہیں: سلمان اکرم راجہ
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں گورنر راج یا ایمرجنسی نافذ کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، بلکہ سیاسی معاملات کو بات چیت کے ذریعے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔