اصولوں پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، ہر مصیبت برداشت کرنے کو تیار ہیں: سلمان اکرم راجہ
لاہور ہائیکورٹ آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بے گناہ افراد کو بے گھر نہیں ہونے دیں گے، عوام کا خون ہمارے لیے مقدم ہے، پی ٹی آئی ایسے کسی لائحہ عمل کا حصہ نہیں بنے گی جس کے نتیجے میں بے گناہ لوگوں کا خون بہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری ہیں اور ان پر پارٹی کے حوالے سے بہت سی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے مقدمات کو بھی دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے پنجاب میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سے بڑی تعداد میں قافلے لانگ مارچ میں شامل ہوں گے، پارٹی اپنے سیاسی مؤقف پر قائم ہے اور اصولوں کی بنیاد پر ہی آئندہ کا لائحہ عمل اختیار کرے گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے پشاور میں کارکنوں کے خلاف مبینہ کارروائیوں پر بھی ردعمل دیا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ روز پشاور میں متعدد کارکنوں کو اغوا کیا گیا، جس کی وہ مذمت کرتے ہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں فسطائیت کا راج ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جن سے سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں:مولانا فضل الرحمان کا وزیراعظم کو کے پی میں گورنرراج سے گریز کا مشورہ
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اپنے مؤقف پر قائم رہے گی اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔