پی ٹی آئی لانگ مارچ،ریڈ زون سیل، پنجاب میں دفعہ 144 کا نفاذ
اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کرتے ہوئے اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے اور انٹری پوائنٹس پر آنے جانے والوں کی جانچ پڑتال بھی بڑھا دی گئی ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم فیض آباد میں بھی کنٹینرز موجود ہیں جبکہ سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی کشیدگی کے دوران اٹک سے اسلام آباد تک پولیس کی بھاری نفری بدستور تعینات ہے، جبکہ مختلف مقامات پر کنٹینرز بھی موجود ہیں۔
دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کا اطلاق 6 اکتوبر سے 15 اکتوبر تک ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت سنجیدہ ہے تو اپوزیشن سے رابطہ کرے، سلمان اکرم راجہ
نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی مقامات، شاہراہوں اور کھلی جگہوں پر 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، جلوس اور اکٹھ پر پابندی ہوگی۔ عوامی مقامات پر ہتھیار لے جانے اور ان کی نمائش پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
غیر قانونی اجتماعات میں لوگوں کو شرکت کے لیے اکسانے یا ترغیب دینے پر بھی پابندی ہوگی۔
تاہم شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین، مساجد اور دیگر عبادت گاہوں کو دفعہ 144 سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ عدالتیں، حکومتی ادارے اور باضابطہ اجازت سے ہونے والی تقریبات بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
ڈیوٹی پر موجود قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور سکیورٹی اہلکاروں پر بھی دفعہ 144 کا اطلاق نہیں ہوگا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق عوامی امن، سکون اور جان و مال کو لاحق سنگین خطرات کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔ انٹیلی جنس رپورٹس میں عوامی اجتماعات کو ممکنہ ہدف بنائے جانے کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ ماہ کے وسط سے اٹک سے اسلام آباد تک موٹروے، جی ٹی روڈ اور دیگر مرکزی شاہراہوں کے کناروں پر کنٹینرز موجود ہیں۔ اٹک پل پر بھی مزید کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں، جبکہ اٹک میں 20 سے 30 ہزار کے قریب پنجاب پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کے بعد جہلم جی ٹی روڈ پر بڑی تعداد میں کنٹینرز روک لیے گئے ہیں اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کسی بھی وقت جی ٹی روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کیا جاسکتا ہے، تاہم فی الحال پی ٹی آئی لانگ مارچ کے باعث سڑکیں ہر قسم کی آمدورفت کے لیے کھلی ہیں۔
پی ٹی آئی لانگ مارچ کے باعث پشاور میں میٹرک کے سالانہ امتحانات بھی متاثر ہوئے ہیں۔
پشاور بورڈ نے 7، 8، 9 اور 10 اکتوبر کو ہونے والے میٹرک کے امتحانات ملتوی کردیے ہیں۔ کنٹرولر پشاور بورڈ کے مطابق ملتوی کیے گئے پرچوں کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ادھر آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں امن ہے اور لانگ مارچ کے حوالے سے کوئی مسئلہ نہیں۔
آئی جی پنجاب کے مطابق صوبے میں تمام چھوٹی بڑی سڑکیں کھلی ہیں اور کہیں بھی کوئی روڈ بلاک نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ناقص کارکردگی میں جو بھی ملوث ہوگا، اس کے خلاف قانون اور متعلقہ رولز کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔