حکومت سنجیدہ ہے تو اپوزیشن سے رابطہ کرے، سلمان اکرم راجہ
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے مذاکرات کے لیے مکمل اختیار دیا گیا تھا تاکہ معاملات پر فیصلہ کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی واضح طور پر کہہ رہی تھی کہ جب تک کوئی معاملہ طے نہیں ہوجاتا، لانگ مارچ اپنی جگہ قائم رہے گا۔
سلمان اکرم راجہ کے مطابق جب یہ معلوم ہوا کہ حکومت پانچ اضلاع میں آپریشن کرنا چاہتی ہے اور اس معاملے پر مشاورت کے لیے تیار نہیں تو مسائل پیدا ہوئے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ امن جرگے کی سفارشات کے مطابق تمام جماعتوں کی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھنے کی بات کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کی اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت، دھرنوں سے خبردار
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو مذاکرات کے لیے مکمل اختیار دیا تھا۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اگر حکومت میں لچک ہے اور وہ واقعی بات چیت کرنا چاہتی ہے تو اپوزیشن قائدین سے رابطہ کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت مذاکرات میں سنجیدہ ہے یا بات چیت کرنا چاہتی ہے تو علامہ ناصر عباس سے رابطہ کرسکتی ہے۔
ان کے مطابق مذاکرات کے حوالے سے آئندہ فیصلہ محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کریں گے۔
سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کا مؤقف یہی ہے کہ سیاسی مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جائے، تاہم اس کے لیے حکومت کی جانب سے سنجیدگی اور لچک کا مظاہرہ ضروری ہے۔