حکومت اور اپوزیشن مذاکرات پرآمادہ، بیرسٹر گوہر کی تصدیق
بیرسٹر گوہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے وفود کے درمیان ملاقات کل دن 12 بجے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے دفترمیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ملاقات میں مختلف سیاسی امور زیرِ غور آئیں گے جب کہ حکومتی اور اپوزیشن وفود اپنا اپنا نکتہ نظر ایک دوسرے کے سامنے رکھیں گے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ حکومتی وفد کی دعوت پر ملاقات کا فیصلہ اپوزیشن رہنماؤں کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کو حکومت کی جانب سے کل ملاقات کا پیغام موصول ہوا جسے انہوں نے آج کے اپوزیشن اجلاس میں ہونے والے فیصلے کی روشنی میں قبول کر لیا۔
— Barrister Gohar Khan (@BarristerGohar) October 1, 2026
انشاء اللہ کل دوپہر 12 بجے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے دفتر میں اپوزیشن اور حکومتی وفود کے درمیان ملاقات… pic.twitter.com/dNcXI83lL8
حکومت سے مذاکرات کے معاملے پر اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس سمیت دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے پی فارورڈ بلاک کا سہیل آفریدی کی حمایت کا اعلان
اجلاس میں حکومت کی مذاکرات کی پیشکش قبول کرتے ہوئے بات چیت کے لیے رضامندی ظاہر کی گئی جب کہ اجلاس لانگ مارچ کی صورت میں حکومتی اقدامات اور اپوزیشن کے جوابی اقدامات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ آج کے اجلاس میں لانگ مارچ کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی لگانے کی خبروں پر بھی غور کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق اسی صورت میں مضبوط ہوتا ہے جب صوبے خود مختار ہوتے ہیں، اگر عوام کی مرضی کے خلاف کوئی بھی قدم اٹھایا گیا تو اس سے وفاق کمزور ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے تمام تحفظات حکومتی رہنماؤں کے سامنے رکھے، سپریم کورٹ بھی گئے مگر عدالتی احکامات پر بھی عمل درآمد نہیں کیاگیا۔
بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ ہم ابھی بھی مذاکرات کے لیے تیار ہیں، ہمارے پاس باضابطہ طور پر حکومت نے رابطہ نہیں کیا اگر ہمارے ساتھ رابطہ ہوتا ہے تو ضرور بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن رہنماؤں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ وہ وزیراعظم ہاؤس یا اسپیکر آفس کے علاوہ حکومت کے ساتھ پاکستان میں کہیں بھی بیٹھنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ بات چیت کے لیے کسی درخت کے نیچے، کسی بھی سیاسی رہنما کے گھر جانے کو تیار ہیں لیکن اسپیکر ہاؤس، وزیراعظم ہاؤس یا وزیراعظم کے چیمبر میں ملاقات کے لیے تیار نہیں ہیں۔
ان کا یہ بیان وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثناء اللہ کی جانب سے انہیں اور بیرسٹر گوہر کو وزیراعظم کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کی دعوت دیے جانے سے متعلق سوال کے جواب میں سامنے آیا۔