پی ٹی آئی کے پی فارورڈ بلاک کا سہیل آفریدی کی حمایت کا اعلان
پی ٹی آئی خیبرپختونخوا فارورڈ بلاک سے تعلق رکھنے والے 20 سے زائد اراکین کا 29 ستمبر کو اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی حمایت اور 4 اکتوبر کو ہونے والے لانگ مارچ میں شرکت کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں ممکنہ تحریک عدم اعتماد اور نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔ اراکین اسمبلی نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر سہیل آفریدی نااہل قرار پاتے ہیں تو نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب صوبائی اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: وفاق نے گورنر راج لگایا تو ہر آپشن استعمال کرینگے: بیرسٹر گوہر
اراکین کے مطابق نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کا فیصلہ صرف صوبائی اسمبلی کے اراکین کریں گے، جبکہ اس معاملے میں مرکزی قیادت یا دیگر شخصیات کی ہدایات فیصلہ کن نہیں ہوں گی۔
اجلاس میں یہ بھی اتفاق کیا گیا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں قومی اسمبلی کے اراکین کو شامل نہیں کیا جائے گا۔ فارورڈ بلاک کے اراکین نے واضح کیا کہ نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے پارلیمانی پارٹی کا فیصلہ ہی حتمی ہوگا۔
دوسری جانب اجلاس میں 4 اکتوبر کو ہونے والے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں شرکت کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔