احسن بھون کا کیپٹن (ر) صفدر کو 5 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس
لاہور میں بھجوائے گئے قانونی نوٹس میں احسن بھون نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی قانون کی ڈگری بالکل اصل اور باقاعدہ ہے۔
نوٹس کے مطابق احسن بھون نے مارچ 1989 میں پنجاب یونیورسٹی سے رول نمبر 828 کے تحت بیچلر آف لاز(ایل ایل بی) کی ڈگری حاصل کی تھی اور اصل ڈگری ان کے پاس موجود ہے۔
قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ احسن بھون کی تعلیمی قابلیت کی پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے حال ہی میں باضابطہ تصدیق بھی کی گئی۔ یہ تصدیق پاکستان بار کونسل کے انتخابات میں ان کی امیدواری کے سلسلے میں دیگر امیدواروں کی اسناد کی جانچ کے لیے مقررہ پالیسی کے تحت کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ: علیمہ خان کی جیل میں سہولیات پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم
نوٹس کے مطابق پاکستان بار کونسل کی جانب سے موصولہ مراسلے کی روشنی میں پنجاب یونیورسٹی کے کنٹرولر امتحانات نے سرکاری ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد احسن بھون کی تعلیمی اسناد کو تصدیق شدہ قرار دیا۔ یہ تصدیق 21 جنوری 2026 کو کی گئی تھی۔
احسن بھون کے مطابق ان کے کلاس اور بیچ میں شامل متعدد افراد اس وقت ججز یا سابق ججز ہیں، جبکہ کئی سینئر وکلا بھی اسی بیچ سے تعلق رکھتے ہیں۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ مقررہ مدت کے اندر معافی نہ مانگنے کی صورت میں کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف سول اور فوجداری قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔