عازمین حج کی سہولت کے لیے پاک حج ایپ پر متعدد نئے فیچرز متعارف
وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا کہ عازمین حج لانگ حج پیکیج کو شارٹ حج پیکیج، جبکہ شارٹ حج کو لانگ حج پیکیج میں تبدیل کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ حج انتظامات سے متعلق دیگر سہولیات بھی عازمین کو گھر بیٹھے فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ انہیں دفاتر کے چکر لگانے، قطار میں کھڑے ہونے اور انتظار کی زحمت نہ اٹھانا پڑے۔
ترجمان کے مطابق حج کے لیے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کے حوالے سے بھی پاک حج ایپ پر سہولت فراہم کی گئی ہے۔ عازمین پاک حج ایپ سے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کا پرنٹ حاصل کرکے مجاز ڈاکٹر سے اس کی تصدیق کروائیں گے، جس کے بعد تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ کو پاک حج ایپ یا حج پورٹل پر دوبارہ اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: خواتین کے شناختی کارڈ بنوانے کیلئے نادرا کا نئے طریقے کا اعلان
سمندر پار پاکستانی عازمین بھی اپنے نزدیکی مجاز ڈاکٹر سے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرکے اسے پاک حج ایپ پر اپ لوڈ کرسکیں گے۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے مزید بتایا کہ کامیاب عازمین حج کو ہارڈشپ کوٹے کے تحت اپنے محرم یا ہیلپر کی درخواست دینے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ کسی مجبوری کی صورت میں حج درخواست منسوخ کرنے اور رقم واپس لینے کا فیچر بھی پاک حج ایپ پر متعارف کرا دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق حج انتظامات سے متعلق متعدد سہولیات اب عازمین کو گھر بیٹھے ایک کلک پر دستیاب ہیں، جس کا مقصد حج درخواست کے مختلف مراحل کو آسان اور سہل بنانا ہے۔