خواتین کے کاروبار کے لیے 5 کروڑ روپے کے اینڈومنٹ فنڈ کا اعلان
تفصیلات کے مطابق ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پشاور ڈویژن کے دورے کے موقع پر مشیرِ خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے خواتین کی معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا۔
مزمل اسلم نے خواتین کاروباری افراد کی معاونت کے لیے 5 کروڑ روپے کے اینڈومنٹ فنڈ جبکہ ویمن چیمبر کی گنجائش اور سہولیات میں بہتری کے لیے 50 لاکھ روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر خواتین کاروباری افراد کو کم شرحِ سود پر مالیاتی سہولیات اور سبسڈی فراہم کرنے کے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی، جبکہ کاروبار کی ترقی اور خواتین کو تربیت فراہم کرنے کے لیے ویمن چیمبر میں جدید خواتین انکیوبیشن سینٹر قائم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی کے 48 سکولوں میں کل چھٹی ہوگی یا نہیں؟ فیصلہ آج ہوگا
اجلاس میں ویمن چیمبر کی صدر قرۃ العین، بانی صدر ساجدہ ذوالفقار اور شمامہ ارباب نے حکومت کے اقدامات کا خیرمقدم کیا۔
شمامہ ارباب نے خصوصاً فوڈ پروسیسنگ اور زراعت سے متعلق شعبوں میں خواتین کے لیے موجود کاروباری مواقع کی نشاندہی کی اور ان شعبوں میں خواتین کو ہدف پر مبنی سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا۔
خیبر پختونخوا حکومت اور ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پشاور ڈویژن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی اشتراک کے ذریعے خواتین سے متعلق پالیسی تجاویز کو عملی معاشی اقدامات میں تبدیل کیا جائے گا، تاکہ خواتین کے کاروبار اور معاشی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جاسکے۔