کوہاٹ: پولیس لائنز کے قریب دھماکا، 15 افراد جاں بحق
پولیس کے مطابق دھماکا نماز جمعہ کے دوران پولیس لائنز کے قریب واقع مسجد کے باہر ہوا، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے کی شدت سے مسجد کے بیرونی حصے کو نقصان پہنچا جبکہ دیوار بھی گر گئی۔
حکام کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا،دھماکے کے فوراً بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
خیبر پختونخوا کے انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ بارود سے بھری گاڑی پرانی پولیس لائنز کے گیٹ سے ٹکرائی، جس کے بعد زوردار دھماکا ہوا، واقعے کے بعد فائرنگ کی بھی اطلاع سامنے آئی ہے۔
دوسری جانب زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ہنگامی صورتحال نافذ کردی گئی۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق 15 لاشیں اور 50 سے زائد زخمی اسپتال لائے گئے ہیں۔
دھماکے کے بعد کوہاٹ ہنگو روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا، جبکہ پولیس لائنز کے اطراف مزید نفری تعینات کردی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:لانگ مارچ کا حتمی پلان کس کے پاس؟ شیخ وقاص نے بتا دیا
واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں سرچ اور تفتیشی کارروائی شروع کردی ہے، جبکہ دھماکے کی نوعیت اور اس کے محرکات سے متعلق مزید معلومات سامنے آنے کا انتظار ہے۔