پیٹرول ریلیف اسکیم، حکومت اور ڈیلرز کے مذاکرات کامیاب
اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز کے درمیان ریلیف اسکیم کے مالی طریقہ کار پر اتفاق ہوگیا۔ فریقین کے درمیان طے پایا کہ ڈیلرز کو ادائیگیاں اسٹیٹ بینک کے ذریعے کی جائیں گی۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق اسٹیٹ بینک ادائیگیوں کا ضامن ہوگا، جبکہ ڈیلرز کے اکاؤنٹس میں رقم دو روز کے اندر منتقل کردی جائے گی۔ ادائیگیوں کے طریقہ کار سے متعلق نوٹیفکیشن بھی آج جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کی جانب سے کفایت شعاری مہم کا آغاز، اوقات کار مقرر
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب رہے ہیں اور مالی میکنزم پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان اتفاق ہوگیا ہے، جس کے بعد ڈیلرز نے پیٹرول ریلیف پیکیج پر عملدرآمد شروع کردیا ہے۔
اجلاس میں وزیر پیٹرولیم نے آئندہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
یوں حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز کے درمیان ریلیف اسکیم کے حوالے سے پیدا ہونے والے اختلافات دور ہوگئے ہیں اور ڈیلرز نے اسکیم پر عملدرآمد کا آغاز کردیا ہے۔