پیٹرول ریلیف اسکیم، وزیراعظم شہباز شریف کی رجسٹریشن SMS مفت کرنے کی ہدایت
تفیلات کے مطابق سکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جائے گی ، اسلام آباد کے رہائشیوں کیلئے فیول سبسڈی اسکیم 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب شروع کر دی جائے گی جبکہ آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب سے پیٹرول پر ریلیف ملے گا۔
وزیراعظم نے چیف کمشنر آئی جی اسلام آباد سمیت انتظامیہ کو عوام کی رہنمائی کیلئے فیلڈ میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا امکان
شہبازشریف نے عوامی نمائندوں اور رضاکاروں کو عوام کی رہنمائی کے لیے متحرک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رضاکار عوام کو فیول سبسڈی اسکیم کی رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل مکمل کرنے میں رہنمائی فراہم کریں۔
وزیراعظم نے فیول سبسڈی سکیم کے حوالے سے بھرپور میڈیا آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی ۔ ان کا کہناتھا کہ پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا سمیت تمام پلیٹ فارمز پر آگاہی مہم کو تیز رفتاری سے چلایا جائے، سکیم کے ثمرات زیادہ سے زیادہ مستحق شہریوں تک پہنچانے کیلئے تمام دستیاب ذرائع بروئے کار لائے جائیں،سکیم کی کامیابی کے لیے عوام کو بروقت معلومات اور رہنمائی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔