فیلڈ مارشل عاصم منیر سے لبنانی وزیر داخلہ کی ملاقات، سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے سیکیورٹی اداروں کے درمیان ادارہ جاتی روابط مزید مستحکم کرنے اور باہمی تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے مشترکہ مفادات کے شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: "لانک مارچ ہو گی" پی ٹی آئی کا حکومت کو دوٹوک پیغام
ملاقات کے دوران لبنانی وزیر داخلہ و بلدیات نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دی جانے والی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔
دونوں جانب سے سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا، جبکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا گیا۔