شیر افضل مروت کا سہیل آفریدی کیخلاف درخواست واپس لینے سے انکار
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ بیرسٹر گوہر نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ درخواست کے معاملے پر جرگہ لے کر ان کے پاس آئیں گے، تاہم سہیل آفریدی کو جتنا وقت لینا تھا وہ لے چکے ہیں۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو توقع ہے کہ لانگ مارچ سے انہیں سیاسی فائدہ ہوگا، تاہم انہیں نہیں لگتا کہ پی ٹی آئی اس مقصد کو پورا کرنے میں کامیاب ہو سکے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بادی النظر میں عمران خان کو پمز منتقل کرنے کے معاملے پر اتفاق رائے ہو چکا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کیخلاف دائر درخواست کی سماعت وفاقی آئینی عدالت میں کل ہوگی، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین خان کی سربراہی میں بینچ درخواست کی سماعت کرے گا۔
سہیل آفریدی کیخلاف یہ درخواست شیر افضل مروت نے دائر کر رکھی ہے، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف مختلف قانونی نکات اٹھائے گئے ہیں۔ درخواست میں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی بطور وزیراعلیٰ بحالی کی بھی استدعا کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نئے صوبوں کے قیام پر ایم کیو ایم کا سڑکوں پر نکلنے کا اعلان
خیال رہے کہ شیر افضل مروت کے تازہ بیان کے بعد درخواست واپس لینے کے امکانات مسترد ہوگئے ہیں اور معاملہ اب عدالت میں مزید آگے بڑھنے کا امکان ہے۔