ملک بھر میں بارشوں کا نیا الرٹ جاری
محکمہ موسمیات نے 17 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کردی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آج سے 17 ستمبر تک پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور ضروری حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور مری میں بارش متوقع ہے۔ لاہور، قصور، شیخوپورہ، نارووال، گوجرانوالہ، وزیرآباد اور فیصل آباد میں شدید بارش کی صورت میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان اور ملتان سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اطلاع دے دی گئی ہے۔
انہوں نے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر انتظامیہ کو پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 240 مسافروں سے بھرا جہاز لاپتا، سرچ آپریشن شروع
دوسری جانب سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، 16 ستمبر تک تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں تیز ہواؤں، آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
کراچی میں بھی 14 سے 16 ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔