پی ٹی آئی کے 27 ستمبر احتجاج پر ہائیکورٹ نے بڑا حکم جاری کر دیا
عدالت کی جانب سے چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور آئی جیز سمیت اسلام آباد کی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں لارجر بنچ تشکیل دیا گیا ، جس میں جسٹس اعظم خان اور جسٹس محمد آصف بھی شامل ہیں، بنچ پی ٹی آئی کے مجوزہ احتجاج اور لانگ مارچ سے متعلق درخواست کی سماعت کرے گا۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے گزشتہ سماعت کا 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا ہے۔ عدالت نے چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور انسپکٹر جنرلز پولیس کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے۔ عدالتی حکم نامے کے مطابق ایک تاجر کی جانب سے پی ٹی آئی کے مجوزہ احتجاج کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ احتجاج کے باعث شہریوں اور کاروباری سرگرمیوں کو ممکنہ نقصانات کا سامنا ہوسکتا ہے جبکہ اسلام آباد میں احتجاج اور اجتماعات سے متعلق قوانین پہلے سے موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سستی ترین ائیر لائن کا کراچی سے مدینہ سفر کیلئے پروازوں کا آغاز
اسلام آباد ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ معاملہ اہم نوعیت کا ہے، اس لیے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو بھی عدالتی معاونت کیلئے نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے سابق وزیراعظم عمران خان کو اہلخانہ اور ذاتی معالجین تک رسائی نہ دینے کے معاملے پر 27 ستمبر کو احتجاج اور لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔