پی آئی اے بورڈ کا اہم اجلاس، ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی تجویز
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی آئی اے بورڈ لیفٹیننٹ جنرل (ر) انوار علی حیدر کی زیرِ صدارت پی آئی اے بورڈ کا اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں قومی ایئرلائن کے آپریشنز کو مزید فعال بنانے اور بیڑے کی توسیع سے متعلق مختلف اہم امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران چیف فنانشل آفیسر نے پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی تجویز اور پروپوزل بورڈ کے سامنے پیش کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں ایئرلائن کے لیے نئے فضائی میزبانوں (کیبن کریو) کی بھرتی اور ان کے لیے نئے یونیفارم کی منظوری سے متعلق امور بھی زیرِ غور آئے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ میں اسکولوں کے اوقات کار میں ایک گھنٹہ کمی کا اعلان
دوسری جانب پی آئی اے کے بیڑے میں 2 نئے بوئنگ طیاروں کی شمولیت کے معاملے پر بھی بورڈ کو بریفنگ دی گئی۔ دونوں طیارے ’ویٹ لیز‘ پر حاصل کیے جانے ہیں اور ان کی لیزنگ سے متعلق امور جلد حتمی شکل اختیار کرنے کا امکان ہے۔
اجلاس میں گراؤنڈ کیے گئے پی آئی اے کے بوئنگ طیاروں کو مرمت کے بعد دوبارہ بیڑے میں شامل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ بورڈ کو بتایا گیا کہ جہازوں کی مینٹیننس کے لیے ضروری پرزہ جات کی خریداری کا عمل جاری ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پی آئی اے کو ایک ارب روپے کے فنڈز بھی جاری کیے گئے ہیں، جس کے بعد قومی ایئرلائن نے ملازمین کی تنخواہیں ادا کردی ہیں۔
یاد رہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد بینکوں کی جانب سے بھی قومی ایئرلائن کے لیے قرضے کی منظوری دی گئی تھی۔