سولر صارفین کیلئے بڑی سہولت متعارف کرا دی گئی
تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی اویس لغاری کی ہدایت پر نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ نظام میں منتقلی سے متعلق 11 ہزار 695 زیر التوا درخواستوں پر کارروائی مکمل کرلی گئی ہے۔
پاور ڈویژن کے مطابق نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ منتقلی کے لیے مجموعی طور پر 16 ہزار 654 درخواستیں زیر التوا تھیں۔ ان میں سے 11 ہزار 695 صارفین سے پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی (پی آئی ٹی سی) نے پیغامات اور واٹس ایپ کے ذریعے براہ راست رابطہ کیا۔
حکام کے مطابق صارفین اپنی نیٹ میٹرنگ درخواست کی تازہ ترین حیثیت متعلقہ آن لائن پورٹل پر چیک کرسکتے ہیں، جس سے انہیں درخواست کی پیش رفت سے متعلق معلومات براہ راست حاصل ہوسکیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: نایاب سفید بازکتنے میں نیلام ہوا؟ قیمت نے سب کے ہوش اُڑا دیئے
پاور ڈویژن کے ترجمان نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ درخواست کی جلد پراسیسنگ یا کسی بھی مرحلے پر سہولت حاصل کرنے کے لیے کسی فرد یا ایجنٹ کو کوئی فیس ادا نہ کریں۔
ترجمان کے مطابق صارفین سے براہ راست رابطے کا بنیادی مقصد انہیں ایجنٹوں اور غیر ضروری مداخلت سے محفوظ رکھنا ہے۔ درخواستوں کی تصدیق کا مقصد جائز صارفین کے حقوق کا تحفظ اور غیر قانونی کنکشنز کی روک تھام بھی ہے۔
وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ حکومت سولر انرجی اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کی بھرپور حامی ہے۔ ان کے مطابق حکومت سولرائزیشن کی راہ میں رکاوٹ بننے کے بجائے ایک شفاف، مؤثر اور پائیدار نظام تشکیل دینا چاہتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نیٹ میٹرنگ سے متعلق درخواستوں کی آن لائن نگرانی اور صارفین سے براہ راست رابطے کے اقدامات سے نظام میں شفافیت بڑھانے اور شہریوں کو بروقت معلومات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔