ٹریفک جرمانوں سے متعلق نئے احکامات سامنے آگئے
تفصیلات کے مطابق لاہور کے چیف ٹریفک آفیسر نے ٹریفک پولیس کے افسران اور وارڈنز کو ہدایت کی ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کارروائیوں میں اضافہ کیا جائے۔ اس حوالے سے سی ٹی او کی جانب سے ماتحت عملے کو باقاعدہ مراسلہ بھی ارسال کیا گیا ہے۔
مراسلے میں نشاندہی کی گئی کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں ٹریفک پولیس کی جانب سے کیے جانے والے جرمانوں کی تعداد میں کمی آئی ہے، جس کے باعث اہلکاروں کو چالان کرنے کی رفتار بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سی ٹی او کے مطابق بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے، کم عمر ڈرائیورز، فٹنس سرٹیفکیٹ کی خلاف ورزی اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف چالان بھی کم ہوئے ہیں۔ وارڈنز کو مقررہ اہداف پورے کرنے کیلئے 15 روز کی مہلت دی گئی ہے، جبکہ ٹارگٹ مکمل نہ کرنے والے اہلکاروں کیخلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب ای چالان کے بقایاجات کی وصولی کا طریقہ کار مزید سخت کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔ سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی نے اس حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو باضابطہ خط ارسال کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:استعفیٰ دینا پڑے یا جانیں، سندھ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: فریال تالپور
تجویز کے مطابق ای چالان کی رقم ادا نہ کرنے والے افراد کو بعض سرکاری سہولیات کی فراہمی بقایاجات کی ادائیگی سے مشروط کرنے پر غور کیا گیا ہے۔ ان میں ڈپلیکیٹ شناختی کارڈ کا اجرا، پاسپورٹ کی تجدید، گاڑیوں کی خرید و فروخت اور ٹرانسفر کی رجسٹریشن جبکہ پولیس خدمت مراکز کی بعض سہولیات شامل ہیں۔