بھاری بلوں سے تنگ عوام کیلئے بری خبر، بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا سے بجلی 2.52 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے۔ جولائی کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی فی یونٹ بڑھانے کی درخواست پر نیپرا میں آج سماعت ہو گی۔
درخواست کے مطابق جولائی میں ڈیزل سے بجلی کی پیداوار 50 روپے فی یونٹ جبکہ درآمدی کوئلے سے تیار کردہ بجلی کی پیداواری لاگت 54 روپے 47 پیسے فی یونٹ ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ اسی طرح درآمدی ایل این جی سے بجلی کی پیداواری لاگت 47 روپے 37 پیسے فی یونٹ رہی۔
نیپرا تمام اعداد و شمار کا جائزہ لینے اور آج کی سماعت مکمل ہونے کے بعد بجلی کی قیمتوں میں اضافے یا فیصلے کے حوالے سے اپنا حتمی نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی فی تولہ قیمت میں ہزاروں روپے کی کمی
تین ہفتے قبل بھی نیپرا نے جون کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخ میں 75 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی تھی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے صارفین پر ہو گا، جبکہ اضافی رقم صارفین سے اگست کے بجلی کے بلوں میں وصول کی جائے گی۔
نیپرا کے مطابق جون 2026 کے اصل فیول چارجز 8.4641 روپے فی یونٹ جبکہ ریفرنس فیول چارجز 7.7138 روپے فی یونٹ تھے، جس کے باعث فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافہ کیا گیا۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں ایک روپے 20 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔ نیپرا نے درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، جس کے بعد ڈیٹا کی جانچ پڑتال مکمل کرکے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔