ملک بھر میں جشن میلاد النبیؐ عقیدت و مذہبی جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے
تفصیلات کے مطابق ہر جانب فضاؤں میں درود و سلام کی صدائیں، مساجد، عمارتیں، گلیاں، محلے، چوک، چوراہوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے اور پیارے نبیؐ سے محبت و عقیدت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
لاہور میں جشن میلاد النبیؐ کے سلسلے میں مساجد، گھروں، سڑکوں، سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی سے سجا دیا گیا ہے، عید میلادالنبیﷺ کی تقاریب کا اہتمام کیا جارہا اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جارہی ہیں، مرکزی جلوس ریلوے اسٹیشن چوک سے برآمد ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: جشن میلاد النبی ﷺ، کراچی میں بھاری گاڑیوں کا داخلہ بند
شہر قائد کی اگر بات کی جائے تو گلی گلی، قریہ قریہ برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے، جگہ جگہ سبز پرچموں کے اسٹالز پر کہیں موئے مبارک کا دیدار کیا جارہا ہے تو کہیں مسجد نبویﷺ اور خانہ کعبہ کے ماڈلز کو رکھا گیا ہے، عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جانب سے محفل میلاد کا انعقاد اور ریلیاں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔
شہر میں عید میلادالنبی ﷺ کا مرکزی جلوس دن ڈھائی بجے شہید مسجد کھارادر سے برآمد ہوگا جو نیو میمن مسجد سے ہوتا ہوا گلزارِ حبیب مسجد پر عصر کے وقت اختتام پذیر ہوگا۔
اسلام آباد کو بھی انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، چپہ چپہ سرور کائنات کی آمد کی خوشی میں جگمگا رہا ہے، ہر جگہ جشن آمد رسول کے نعرے گونج رہے ہیں، مسجدوں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
پشاور میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو گلہائے عقیدت پیش کرنے کیلئے نعت خوانی اور میلاد کی محافل کا انعقاد کیا جارہا ہے۔