پنشنرز کو اب پروف آف لائف کیلئے بینک جانے کی ضرورت نہیں
نادرا کے مطابق پنشن حاصل کرنے والے یا پنشن کے اہل افراد کے معاملات براہِ راست متعلقہ پنشن فراہم کرنے والے ادارے کے ذریعے انجام دیے جاتے ہیں۔ پنشنرز موبائل ایپ کے ذریعے اپنی درخواست متعلقہ ادارے کو براہِ راست ارسال کرسکتے ہیں۔
اتھارٹی نے واضح کیا کہ پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کی کارروائی پنشن فراہم کرنے والے ادارے سے منسلک ہے، بینک سے نہیں۔ سرٹیفکیٹ کی تکمیل کے بعد اسے بھی متعلقہ پنشن فراہم کرنے والے ادارے میں جمع کرایا جائے گا۔
نادرا نے پنشنرز کو ہدایت کی ہے کہ پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کی تکمیل، تصدیق یا اپ ڈیٹ کیلئے بینک سے رابطہ کرنے کی ضرورت نہیں۔ شہری شناخت سے متعلق معلومات اور مختلف خدمات کیلئے نادرا کی سرکاری ویب سائٹ سے رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق کسی بھی معاونت یا رہنمائی کی ضرورت کی صورت میں شہری نادرا کی ہیلپ لائن 1777 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
اگر پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کا ڈیٹا ظاہر نہیں ہورہا تو پنشنرز کو اپنے متعلقہ پنشن فراہم کرنے والے ادارے سے رابطہ کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان رینجرز پنجاب میں ملازمتوں کا اعلان
نادرا کے مطابق ایسی صورتحال میں ادارے سے دریافت کیا جائے کہ نادرا کے پاس رجسٹرڈ پنشنرز کے ریکارڈ میں متعلقہ فرد کا اندراج کیوں موجود نہیں۔ ریکارڈ درست ہونے کی صورت میں پروف آف لائف سے متعلق سہولت کے استعمال میں آسانی ہوگی۔