عبداللہ طاہر قتل کیس: مقتول کے بیٹے کا ویڈیو بیان سامنے آگیا
اپنے ویڈیو بیان میں احسان اللہ طاہر نے کہا کہ ان کے والد کے قتل کو کئی دن گزرنے کے باوجود پولیس قاتلوں کو گرفتار نہیں کرسکی۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے اہل خانہ کو بھی کوئی واضح معلومات فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔
احسان اللہ طاہر نے کہا کہ لاہور میں پولیس پر حملے کے واقعے میں ملوث ملزمان کیخلاف فوری کارروائی کی گئی اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا گیا، تاہم ان کے والد کے قتل کے معاملے میں اب تک پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
مقتول کے بیٹے نے سوشل میڈیا پر عبداللہ طاہر کیخلاف جاری مبینہ منفی پروپیگنڈے پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے والد نے ریت کے ٹھیکے کیلئے کوئی بولی نہیں لگائی تھی۔
احسان اللہ طاہر نے اپنے بیان میں سی سی ڈی کے ہاتھوں کسی کو قتل کرانے سے متعلق الزامات کو بھی بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے پھیلائی جانے والی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وزیرِ مملکت کھیئل داس کوہستانی کی گاڑی کو حادثہ، بیٹا زخمی
انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ عبداللہ طاہر کے قتل میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے اور واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
مقتول کے بیٹے نے کہا کہ خاندان انصاف کا منتظر ہے، حکومت و پولیس سے توقع ہے کہ وہ قاتلوں کی گرفتاری کو یقینی بنائیں گے۔