بینظر انکم سپورٹ پروگرام کے اہل افراد کیلئے بڑی خوشخبری
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے زیڈ والٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کیلئے حکومت، سرکاری ادارے اور نجی شعبہ مل کر اقدامات کررہے ہیں، بی آئی ایس پی کے تمام مستحقین کو ڈیجیٹل والٹس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو فروغ دینے میں راست نے اہم کردار ادا کیا ہے، حکومت اس نظام کو مزید آسان، محفوظ اور عوام دوست بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔
وزیر مملکت کے مطابق ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت استعمال کرنے والے تاجروں کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ ڈیجیٹل بینکنگ صارفین کی تعداد 13 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک میں کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیوں کے فروغ کیلئے حکومت کی جانب سے مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ پر سبسڈی بھی فراہم کی گئی ہے۔ اسی طرح سرکاری ادائیگیوں کو ڈیجیٹل بنانے کے عمل میں بھی نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
بلال اظہر کیانی کے مطابق سرکاری اداروں میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی شرح 9 فیصد سے بڑھ کر 76 فیصد جبکہ سیلف اکاؤنٹنگ اداروں میں یہ شرح 5 فیصد سے بڑھ کر 75 فیصد ہوگئی ہے۔
وزیر مملکت نے مزید بتایا کہ بی آئی ایس پی کے ایک کروڑ سے زائد مستحقین کو پہلے ہی ڈیجیٹل طریقے سے ادائیگیاں کی جارہی ہیں، نئے ڈیجیٹل والٹس کو عام بینک اکاؤنٹ کی طرح استعمال کیا جاسکے گا۔
یہ بھی پڑھیں:کیا آپ جانتے ہیں چاند کا ایک ٹکڑا پاکستان میں بھی محفوظ ہے؟
ان والٹس کے ذریعے مستحقین نہ صرف اپنی امدادی رقم وصول کرسکیں گے بلکہ یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی، رقم کی منتقلی اور دیگر مالیاتی سہولیات سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔