سندھ کے 6 اضلاع میں اساتذہ کی ڈیجیٹل حاضری کا نظام نافذ
نئے نظام کے تحت ملازمین کی آمد اور روانگی کا ریکارڈ چہرہ شناخت ٹیکنالوجی کے ذریعے محفوظ کیا جائے گا۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ کے مطابق ابتدائی طور پر یہ نظام صوبے کے 6 اضلاع میں متعارف کرایا گیا ہے، جن میں کراچی ایسٹ، حیدرآباد، نوشہروفیروز، جیکب آباد، گھوٹکی اور عمرکوٹ شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پائلٹ مرحلے کے دوران مجموعی طور پر 49 ہزار 565 تدریسی اور نان ٹیچنگ ملازمین کی حاضری فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے مانیٹر کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد اسکولوں میں حاضری کے نظام کو مزید شفاف، مؤثر اور جدید بنانا ہے۔
نئے نظام کے تحت اساتذہ حاضری لگانے کیلئے کسی بھی دستیاب موبائل فون سے متعلقہ ایپ استعمال کرسکیں گے۔ حکام کے مطابق انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب نہ ہونے کی صورت میں بھی حاضری درج کی جاسکے گی اور انٹرنیٹ بحال ہونے کے بعد ریکارڈ خودکار طور پر اپ ڈیٹ ہوجائے گا۔
اساتذہ کیلئے اسکول آمد اور روانگی کی انٹری سسٹم میں درج کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ ملازمین اپنی حاضری کا مکمل ریکارڈ بھی ایپلی کیشن کے ذریعے دیکھ سکیں گے۔
اس کے علاوہ اساتذہ ماہانہ حاضری ریکارڈ ڈاؤن لوڈ کرنے کے ساتھ ساتھ چھٹی کی درخواست بھی آن لائن جمع کراسکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:سیلاب متاثرین کیلئے نئے گھر، حکومت نے خوشخبری سنا دی
محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق نئے نظام کے مؤثر استعمال کیلئے انتظامی افسران، اسکول سربراہان اور اساتذہ کی تربیت پہلے ہی مکمل کی جاچکی ہے، پائلٹ مرحلے کے نتائج کی بنیاد پر فیشل ریکگنیشن حاضری کے نظام کو مزید اضلاع تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔