آج ملک بھر میں 79 واں جشنِ آزادی منایا جارہا ہے
یوم آزادی کے موقع پر ملک بھر کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت مختلف علاقوں میں گلیاں، بازار اور شاہراہیں سبز ہلالی پرچموں سے سج گئیں۔
شہریوں کی بڑی تعداد جشن آزادی منانے کیلئے سڑکوں پر نکل آئی، مختلف مقامات پر ریلیاں نکالی گئیں جبکہ آتشبازی اور چراغاں نے جشن کی رونقیں دوبالا کردیں۔
لاہور میں گریٹر اقبال پارک اور لبرٹی چوک پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، جسے دیکھنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی۔ حیدرآباد میں بھی رات 12 بجتے ہی مختلف مقامات پر آتشبازی کی گئی اور شہریوں نے قومی جوش و جذبے کے ساتھ یوم آزادی منایا۔
ملتان میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گھنٹہ گھر چوک پر آتشبازی کا خصوصی اہتمام کیا گیا، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یوم آزادی کے آغاز پر لاہور میں پاک فوج کی جانب سے 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ کوئٹہ کینٹ میں بھی 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی، یکجہتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی، جہاں پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، کمانڈنٹ نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل، نیول چیف اور ایئر چیف نے قوم کو 79ویں جشن آزادی کی مبارکباد دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ کا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات و علاج سے متعلق بڑا فیصلہ
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج تمام خطرات کیخلاف مادر وطن کے دفاع کیلئے غیر متزلزل عزم پر قائم ہیں اور پاکستان کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ کا عزم دہراتی ہیں۔
بانیانِ پاکستان کے وژن اور اصول قوم کو ملکی نظریات اور اقدار کی پاسداری کیلئے مسلسل متاثر کرتے ہیں، جبکہ مسلح افواج قوم کے ساتھ متحد ہوکر امن و استحکام کے تحفظ کیلئے ثابت قدم رہیں گی۔