آج بادل کہاں کہاں برسیں گے؟ الرٹ جاری
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں بارش کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ بعض مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج دن بھر موسم جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، تاہم شام کے اوقات میں بارش ہوسکتی ہے۔ شہر کے درجہ حرارت میں معمول کی نسبت 4 ڈگری کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ صبح اسلام آباد کا درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد میں دن کے دوران تقریباً 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کراچی میں موسم ابرآلود اور مرطوب رہے گا، شہر میں رات کے اوقات میں بوندا باندی کا امکان ہے۔ کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 28.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادھر خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 13 سے 15 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش ہوسکتی ہے۔
اس کے علاوہ مردان، صوابی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند اور کرم میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت کا شالیمار ایکسپریس 14 اگست سے دوبارہ چلانے کا اعلان
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ متعلقہ اداروں کو دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔