حکومت کا شالیمار ایکسپریس 14 اگست سے دوبارہ چلانے کا اعلان
ٹرین کی بحالی سے لاہور اور کراچی کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو سہولت میسر آئے گی۔
پاکستان ریلوے حکام کے مطابق شالیمار ایکسپریس لاہور سے براستہ ساہیوال کراچی جائے گی، ٹرین کے نئے روٹ کیلئے 5 نئے اسٹاپ بھی مقرر کیے گئے ہیں، جن میں کوٹ لکھپت، رائے ونڈ، اوکاڑہ، ساہیوال اور صادق آباد شامل ہیں۔
حکام کے مطابق شالیمار ایکسپریس کی سروس قلعہ ستار شاہ، مسن کالر ریلوے پل کے سیلابی پانی سے متاثر ہونے کے باعث بند کی گئی تھی۔ ریلوے پل کو پہنچنے والے نقصان اور راستے کی بندش کے باعث ٹرین کا سابقہ روٹ بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔
پاکستان ریلوے کے فیصلے کے بعد شالیمار ایکسپریس اب پہلے کی طرح فیصل آباد سے گزرنے کے بجائے نئے روٹ کے ذریعے کراچی پہنچے گی۔ حکام نے مسافروں کو نئے روٹ اور اسٹاپس کے مطابق سفر کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ شالیمار ایکسپریس پہلے لاہور سے براستہ فیصل آباد کراچی جاتی تھی، تاہم ریلوے پل کی بندش کے باعث اس روٹ میں تبدیلی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرول سستا، ڈیزل مہنگا، نئی قیمتوں کا اعلان
شالیمار ایکسپریس کی بحالی سے لاہور، ساہیوال، اوکاڑہ، رائے ونڈ اور صادق آباد سمیت مختلف علاقوں کے مسافروں کو کراچی تک سفر کیلئے براہ راست ریل سہولت دستیاب ہوگی۔ پاکستان ریلوے کی جانب سے ٹرین سروس کی بحالی کو مسافروں کیلئے ایک اہم اقدام قرار دیا جارہا ہے۔