آزاد کشمیر کے طلبہ کو 5 ہزار لیپ ٹاپ دینے کی منظوری
پنجاب کابینہ نے آزاد کشمیر حکومت کو لیپ ٹاپ فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
حکام کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے لیپ ٹاپ آزاد جموں و کشمیر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ میں میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کیے جائیں گے۔ اس اسکیم سے آزاد کشمیر کے پبلک سیکٹر کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلبہ بھی مستفید ہو سکیں گے۔
لیپ ٹاپ کی تقسیم کیلئے طلبہ کی تعلیمی کارکردگی، اداروں میں طلبہ کی تعداد اور تعلیمی اداروں کی ضرورت کو مدنظر رکھا جائے گا۔ اس مقصد کیلئے متعلقہ تعلیمی اداروں سے طلبہ کا ڈیٹا حاصل کیا جائے گا، جس کی بنیاد پر لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا باقاعدہ فارمولا مرتب کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق تقسیم کا طریقہ کار طلبہ کی تعداد اور میرٹ کے ساتھ ساتھ اداروں کی ضروریات کو بھی مدنظر رکھتے ہوئے طے کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق اور باصلاحیت طلبہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد لیپ ٹاپ کی آزاد کشمیر منتقلی اور طلبہ میں تقسیم کے حوالے سے طریقہ کار آزاد جموں و کشمیر حکومت کے ساتھ مشاورت سے طے کیا جائے گا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد آزاد کشمیر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل وسائل اور آن لائن تعلیمی سہولیات تک بہتر رسائی فراہم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی رہنما قتل کیس میں ملوث ٹک ٹاکر گرفتار
تعلیمی حلقوں نے پنجاب حکومت کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ لیپ ٹاپ کی فراہمی سے طلبہ کو جدید تعلیمی ذرائع سے استفادہ کرنے اور اپنی تعلیمی و تحقیقی صلاحیتیں بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔