حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، شہباز شریف ہی 5 سال وزیراعظم رہیں گے: محسن نقوی
ایک نجی ٹی وی کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں محسن نقوی نے کہا کہ وہ وزیراعظم کو مشورہ دیں گے کی وفاقی کابینہ کی تمام وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ کسی غیر جانبدار تیسرے فریق سے کروایا جائے تاکہ عوام کے سامنے واضح ہوسکے کہ کون سی وزارت نے کتنی کارکردگی دکھائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں ان کی حاضری تقریباً 70 فیصد رہی ہے، اپنی ذات پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے کہا کہ انہوں نے 30 سال کا سفر تین سال میں طے کیا وہ انکے شکر گزار ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کا موقف آج بھی وہی ہے کہ ملک کا نظام کئی دہائیوں سے کمزور ہے ان کے بقول انہوں نے حکومت پر تنقید نہیں کی بلکہ وہ خود بھی اسی حکومت کا حصہ ہیں اس لیے اپنے آپ کو چارج شیٹ کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
محسن نقوی نے کہا کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ ان کے اور وزیراعظم شہباز شریف کے تعلقات خراب ہوں مگر ایسی خواہشیں پوری نہیں ہوں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ نظام کہیں نہیں جا رہا اور حکومت اپنی پانچ سالہ آئینی مدت مکمل کرے گی۔
یہ بھی پرھیں: عمران خان قید تنہائی میں نہیں، آزادانہ نقل و حرکت کی سہولت حاصل ہے: اڈیالہ جیل رپورٹ
انہوں نے وزیراعظم کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف روزانہ 14 سے 16 گھنٹے کام کرتے ہیں. ان کے مطابق ایف بی ار کی آمدن میں اضافہ ہوا، سفارتی محاذ پر اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں اور دیگر شعبوں میں بھی پیش رفت ہوئی، انہوں نے کہا کہ اگر نظام مزید بہتر ہو جائے تو ملک کی ترقی کی رفتار کئی گنا بڑھ سکتی ہے۔