عمران خان قید تنہائی میں نہیں، آزادانہ نقل و حرکت کی سہولت حاصل ہے: اڈیالہ جیل رپورٹ
رپورٹ کے مطابق عمران خان صبح لاک اپ کھلنے سے شام تک اپنے مخصوص کمپاونڈ میں آزادانہ نقل و حرکت کرسکتے ہیں اور اڈیالہ جیل میں انہیں یا دوسرے قیدیوں کو قید تنہائی میں نہیں رکھا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جیل قواعد کے تحت عمران خان کو ہر منگل اپنی اہلیہ بشری عمران سے ملاقات کی اجازت بھی دی جاتی ہے۔
عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ سابق وزیراعظم ہونے کے باعث انکی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اسی لیے عام قیدیوں کو ان کے رہائشی حصے تک رسائی نہیں دی جاتی، وہ سات سیلز پر مشتمل مخصوص کمپاونڈ میں دن بھر آزادانہ چل پھر سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جیل کے ڈاکٹر روزانہ تین مرتبہ عمران خان کا طبی معائنہ کرتے ہیں جس میں بلڈ پریشر، دل کی دھڑکن، آکسیجن کی سطح اور دیگر علامات کا جائزہ لیا جاتا ہے انکے کھانے کی جانچ بھی باقاعدگی سے کی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سزا سنا دیں، کیس تلوار کی طرح لٹکنے نہیں دونگی:علیمہ خان
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ایک سزا یافتہ قیدی عمران خان کے منتخب کردہ مینو کے مطابق روزانہ تین وقت کا کھانا تیار کرتا ہے جبکہ انہیں قدرتی روشنی، تازہ ہوا اور طلوع آفتاب سے غروب آفتاب تک ورزش کی سہولت بھی حاصل ہے۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت سے استدعا کی کہ علیمہ خان کی جانب سے لگائے گئے الزامات حقائق کے منافی ہیں لہذا درخواست مسترد کی جائے۔