ایم ڈی کیٹ 2026 ملتوی، نئی تاریخ سامنے آگئی
16 اگست کو شیڈول ایم ڈی کیٹ امتحان اب 20 ستمبر 2026 کو منعقد کیا جائے گا۔
پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق امتحان کی تاریخ میں تبدیلی کا فیصلہ امتحانی عمل کو مزید منظم، محفوظ، شفاف اور امیدواروں کیلئے آسان بنانے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔ کونسل کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ایم ڈی کیٹ 2026 کے شیڈول میں نظرثانی کی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ امتحان کی تاریخ کے علاوہ ایم ڈی کیٹ کے دیگر تمام قواعد و ضوابط، شرائط اور انتظامات پہلے کی طرح برقرار رہیں گے۔ امیدواروں کو امتحان سے متعلق تیاری اور دیگر امور کے لیے نئی تاریخ کو مدنظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ایم ڈی سی نے واضح کیا کہ اگر مستقبل میں امتحان کے حوالے سے کسی مزید تبدیلی کی ضرورت پیش آئی تو اس بارے میں باقاعدہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
کونسل نے تمام امیدواروں، والدین، تعلیمی اداروں اور دیگر متعلقہ فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات کیلئے پی ایم ڈی سی کی سرکاری ویب سائٹ اور مستند ذرائع سے رابطے میں رہیں۔
کونسل نے امتحان کی تاریخ تبدیل ہونے کے باعث امیدواروں کو ہونے والی ممکنہ مشکلات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کو سراہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:خواتین کو غروب آفتاب کے بعد تھانوں میں بلانے پر پابندی
واضح رہے کہ ایم ڈی کیٹ ملک بھر میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے اہم امتحان سمجھا جاتا ہے، جس میں ہزاروں طلبہ شرکت کرتے ہیں۔ نئی تاریخ کے اعلان کے بعد امیدواروں کو تیاری کے لیے مزید وقت مل گیا ہے۔