دریاؤں میں پانی کی سطح بلند، سیلاب الرٹ جاری
این ڈی ایم اے کے مطابق 4 اگست تک ملک کے بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافے کا امکان ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق دریائے لہڑی میں ہیڈ گوگی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا، جبکہ وزیرآباد میں نالہ پلکھو میں درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ، گڈو اور سکھر بیراج کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ دریائے ناری میں ہیڈ ناری کے مقام پر بھی پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کی تحصیل مریدکے میں نالہ ڈیک اوور فلو ہونے سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جہاں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کے چیئرمین ایم این اے رانا احمد عتیق انور، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق، چیئرمین پی ڈی ایم اے پنجاب اور کمشنر لاہور نے دورہ کیا۔
وفد نے فلڈ ریلیف کیمپوں کا معائنہ کیا اور متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا، ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا عدیل تصور نے وفد کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور جاری امدادی اقدامات پر بریفنگ دی۔
حکام نے ہدایت کی کہ متاثرہ خاندانوں کو دوبارہ آبادکاری تک ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے، اس حوالے سے تیار کھانا، پینے کا صاف پانی، طبی سہولیات اور دیگر ضروری اشیائے زندگی کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور میں کل مقامی تعطیل کا اعلان
این ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں نے شہریوں کو محتاط رہنے، ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے اور ممکنہ خطرے والے علاقوں سے متعلق تازہ معلومات حاصل کرنے کی اپیل کی ہے۔