اگست 2026 میں پاکستانیوں کیلئے چھٹیوں کی بھر مار
ان چھٹیوں سے سرکاری و نجی ملازمین، طلبہ اور دیگر شہریوں کو اہلِ خانہ کے ساتھ وقت گزارنے، سیاحت کرنے اور مختلف تقریبات میں شرکت کا بہترین موقع ملے گا۔
کیلنڈر کے مطابق اس سال 14 اگست یومِ آزادی جمعہ کے روز منایا جائے گا، جمعہ کی سرکاری تعطیل کے بعد ہفتہ اور اتوار کی معمول کی چھٹیاں ہونے کے باعث شہریوں کو مسلسل تین روز کی تعطیلات میسر آئیں گی۔ اس دوران ملک بھر میں جشنِ آزادی کی تقریبات، پرچم کشائی، ریلیوں، ثقافتی پروگراموں اور آتش بازی کے مختلف اہتمام کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب حکومتِ پاکستان کی جانب سے سال 2026 کیلئے جاری کردہ سرکاری تعطیلات کے نوٹیفکیشن کے مطابق 25 اگست بروز منگل عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر بھی ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔
اس روز سرکاری و نجی ادارے، تعلیمی ادارے اور بیشتر کاروباری مراکز بند رہیں گے، جبکہ ملک بھر میں مذہبی اجتماعات، محافلِ میلاد، جلوس اور خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جائے گا۔
اگر اگست کے پورے کیلنڈر کو دیکھا جائے تو اس ماہ دو سرکاری تعطیلات کے ساتھ ہفتہ اور اتوار کی 10 معمول کی چھٹیاں شامل ہو کر مجموعی طور پر 12 تعطیلات بنتی ہیں، یہ مہینہ سیاحت، گھریلو مصروفیات اور سماجی سرگرمیوں کیلئے بھی موزوں ثابت ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے روٹ پرمٹ معطل کرنے کا فیصلہ
شہریوں کا کہنا ہے کہ مسلسل تعطیلات نہ صرف روزمرہ کی مصروفیات سے کچھ وقت کیلئے راحت فراہم کرتی ہیں بلکہ اہلِ خانہ کے ساتھ معیاری وقت گزارنے، مختصر سفروں اور تفریحی سرگرمیوں کا بھی بہترین موقع فراہم کرتی ہیں۔