دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے روٹ پرمٹ معطل کرنے کا فیصلہ
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے اعلان کیا ہے کہ ایسی گاڑیوں کے ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کیے جائیں گے، جبکہ کمرشل گاڑیوں کے روٹ پرمٹ بھی منسوخ کرنے کی کارروائی کی جائے گی۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق شہر میں ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں، کمرشل گاڑیوں، بسوں، ٹرکوں اور دیگر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو صاف ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بغیر ترپال مٹی، ریت اور دیگر تعمیراتی سامان لے جانے والی ٹریکٹر ٹرالیوں اور ڈمپرز کو شہر لاہور میں داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی، خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف اب تک 1013 مقدمات درج کروائے جا چکے ہیں۔
سی ٹی او لاہور نے مزید بتایا کہ 12 داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ 45 اسپیشل ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں جو آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کیخلاف کارروائیاں کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ رواں ماہ کے دوران دھواں چھوڑنے والی 3649 گاڑیوں کیخلاف کارروائی کی گئی، جبکہ آلودگی کا باعث بننے والی 2183 دیگر گاڑیوں کو بھی قانون کی گرفت میں لایا گیا، اسی طرح بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور خستہ حال 6820 گاڑیوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:عدالت نے اعظم سواتی کو بری کر دیا
سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ بغیر ترپال، پانی کے چھڑکاؤ اور دیگر حفاظتی اقدامات کے ٹریکٹر ٹرالی چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام کی مدد سے بھی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی نشاندہی کرکے چالان کیے جا رہے ہیں۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق آلودگی کے خاتمے اور شہریوں کی صحت کے تحفظ کیلئے کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔