امریکا کی ٹاپ 100 یونیورسٹیوں میں پی ایچ ڈی اسکالرشپ نے درخواستیں طلب کر لیں
پاکستانی طلبہ کیلئے اعلی تعلیم کے میدان ایک اہم موقع سامنے آیا ہے جہاں ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) نے یو ایس- پاکستان نالج کوریڈور پروگرام کے تحت 2027 کے داخلوں کیلئے امریکا کی دنیا کی ٹاپ 100 یونیورسٹیوں میں پی ایچ ڈی (PhD) اسکالرشپس کا اعلان کر دیا ہے، اس اسکالرشپ پروگرام کا مقصد باصلاحیت پاکستانی طلبہ کو عالمی معیار کی جامعات میں تحقیق اور اعلی تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
کون درخواست دے سکتا ہے؟
ایچ ای سی کے مطابق اسکالرشپ کیلئے صرف پاکستانی یا آزاد جموں و کشمیر (AJK) کے شہری درخواست دے سکتے ہیں۔ امیدوار کے پاس کم از کم 16 سالہ تعلیم یعنی چار سالہ بیچلر ڈگری ہونا ضروری ہے جبکہ پورے تعلیمی ریکارڈ میں سیکنڈ یا تھرڈ ڈویژن قابل قبول نہیں ہوگی۔
درخواست گزار کیلئے عمر کی حد
اسکالرشپ کیلئے زیادہ سے زیادہ عمر 36 سال مقرر کی گئی ہے تاہم سرکاری ملازمین، سرکاری جامعات کے اساتذہ اور ریسرچرز کیلئے عمر کی حد 40 سال رکھی گئی ہے۔ نیز درخواست گزار پہلے کسی اسکالرشپ سے مستفید نہ ہو۔
اسکالرشپ کی دو کیٹیگریز
پروگرام کے تحت دو کیٹیگریز متعارف کرائی گئی ہیں۔ پہلی کیٹیگری میں کیو ایس رینکنگ کی ٹاپ 50 امریکی جامعات شامل ہیں جہاں منتخب طلبہ کی مکمل ٹیوشن فیس، سالانہ 19 ہزار 200 ڈالر وظیفہ اور 2 ہزار ڈالر تک ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی۔ اس کے لیے ٹاپ 50 یونیورسٹی میں داخلہ اور کم از کم 300 جی آر ای یا 60 فیصد ایچ ای سی ہیٹ (HAT) اسکور لازمی ہے۔
دوسری کیٹیگری 51 سے 100 نمبر تک کی امریکی جامعات پر مشتمل ہے جس میں 12 ہزار ڈالر سالانہ تک ٹیوشن فیس، 19 ہزار 200 ڈالر سالانہ وظیفہ اور 2 ہزار ڈالر ہیلتھ انشورنس دی جائے گی، اس کیلئے بھی متعلقہ یونیورسٹی میں داخلہ اور مطلوبہ جی آر ای یا ہیٹ اسکور ضروری ہوگا۔
درخواست دینے کی آخری تاریخ
ایچ ای سی کے مطابق بہار اور موسم گرما 2027 کے داخلوں کیلئے درخواستیں 30 اکتوبر 2026 تک جبکہ خزاں 2027 کے لیے 30 مارچ 2027 تک جمع کرائی جا سکیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب بھر میں 555 سرکاری سکول بند کرنے کا فیصلہ
اہم ہدایات
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ اسکالرشپ صرف براہ راست پی ایچ ڈی پروگرام کیلئے ہے، ماسٹرز لیڈنگ ٹو پی ایچ ڈی پروگرام اس میں شامل نہیں ہیں۔ تمام درخواستیں صرف ایچ ای سی کے آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جا سکیں گی جبکہ یونیورسٹیوں کے انتخاب کیلئے تازہ ترین QS ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2027 کو بنیاد بنایا جائے گا