الخدمت فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام فلسطینی طلبہ کی گریجویشن تقریب
اس سلسلے میں ایک پروقار اور متاثر کن گریجویشن تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں فلسطینی طلبہ کی استقامت، عزم اور بے مثال تعلیمی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن، پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زوہیر محمد حمداللہ زید، نائب صدر الخدمت ائیر مارشل (ر) ارشد ملک، چیئرمین بورڈ آف گورنرز یونیورسٹی آف لاہور محمد اویس رؤف، پرنسپل میڈیکل ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر مہوش عروج، اساتذہ اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ غزہ میں جاری شدید جنگ، نقل مکانی اور غیر معمولی حالات کے باوجود ان نوجوانوں کی کامیابی عزم، استقامت اور امید کی روشن علامت ہے۔
الخدمت فاؤنڈیشن اور یونیورسٹی آف لاہور کے اشتراک سے 38 فلسطینی طلبہ کو بیچلرز آف ڈینٹل سرجری کی اسناد اور ڈینٹل کٹس دی گئیں، جبکہ ایک سالہ کلینیکل ہاؤس جاب مکمل کرنے والے 13 فلسطینی ڈاکٹروں کو انٹرن شپ اسناد سے بھی نوازا گیا۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے مزید کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے فلسطینی طلبہ سے کیا گیا اپنا وعدہ نبھایا ہے۔ حکومتِ پاکستان اور قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے ان طلبہ کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ممکن ہوا۔ فلسطین کی مکمل بحالی اور وہاں کے معماروں کی تیاری تک الخدمت ہر ممکن سرپرستی جاری رکھے گی۔
"الخدمت فلسطنی سکالر شپ پروگروگرام"کے تحت اس وقت پاکستان میں 450 سے زائد اور قاہرہ میں 38 فلسطینی طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زوہیر محمد حمداللہ زید نے الخدمت فاؤنڈیشن اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے فلسطینی طلبہ کو اپنے بچوں کی طرح آغوش میں لیا۔ یہ نوجوان ڈاکٹرز اب غزہ کے زخمی اور بیمار عوام کی خدمت میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
فلسطینی گریجویٹ احمد عطااللہ محمد جبر نے جذباتی انداز میں خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے۔ یہاں ملنے والی شفقت اور اپنائیت نے ہمیں ٹوٹنے نہیں دیا۔ ہم اپنے وطن واپس جا کر اپنے مظلوم اور زخمی ہم وطنوں کا علاج کریں گے اور پاکستان کا یہ احسان کبھی نہیں بھولیں گے۔