پنجاب میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا، پی ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ
پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث پنجاب کے مختلف دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریائے سندھ میں تربیلا اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے، جہاں تربیلا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 36 ہزار کیوسک جبکہ چشمہ پر 3 لاکھ 2 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
دریائے چناب میں مرالہ، خانکی اور قادر آباد کے مقامات پر پانی کی سطح بلند ہے، مرالہ پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 95 ہزار کیوسک، خانکی پر 2 لاکھ 62 ہزار کیوسک اور قادر آباد پر 2 لاکھ 45 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ان مقامات پر سیلابی صورتحال کے باعث متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج اور دریائے جہلم میں پانی کا بہاؤ فی الحال معمول کے مطابق ہے، جبکہ دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 73 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ جسڑ، شاہدرہ اور ہیڈ سدھنائی پر صورتحال نارمل ہے۔
اس کے علاوہ نارووال کے نالہ بسنتر میں درمیانے درجے جبکہ گجرات کے نالہ بھمبر اور وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ کے مطابق دریائے چناب کے بالائی کیچمنٹ ایریاز میں بارشوں کا سلسلہ رک چکا ہے، جس کے باعث گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران پانی کے بہاؤ میں استحکام آیا ہے، تاہم بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کے امکان کے پیش نظر متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:مسافروں سے بھری فیری الٹ گئی، 41 افراد ہلاک جبکہ 61 لاپتہ
پی ڈی ایم اے نے شہریوں، خصوصاً دریا کنارے اور نشیبی علاقوں میں رہنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دریا کے قریب جانے سے گریز کریں، ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو اداروں سے فوری رابطہ کریں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔