پرانی دشمنی میں خاتون سمیت 5 افراد لقمہ اجل بن گئے
پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ لکی مروت کے علاقے وانڈہ حاجی گل میں پیش آیا، جہاں دو گروپوں کے درمیان جاری پرانی دشمنی پر اچانک فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے نتیجے میں دونوں جانب سے مجموعی طور پر 5 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک فریق کے 2 افراد جبکہ دوسرے فریق کے 3 افراد شامل ہیں، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں کیا۔
ریسکیو اور پولیس اہلکاروں نے جاں بحق افراد کی لاشیں قریبی اسپتال منتقل کر دیں، جہاں ضروری کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور فائرنگ میں ملوث افراد کی نشاندہی کیلئے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اضافی اقدامات کیے گئے ہیں، دونوں فریقین کے درمیان جاری دشمنی کی وجوہات اور پس منظر کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ لکی مروت سمیت خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں قبائلی اور خاندانی تنازعات کے باعث ماضی میں بھی فائرنگ کے واقعات پیش آتے رہے ہیں، جن میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:جائیداد کا لالچ، سفاک بیٹوں نے باپ کو زنجیروں میں جکڑ دیا
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی تنازعے کو قانون ہاتھ میں لینے کے بجائے قانونی طریقہ کار کے ذریعے حل کیا جائے۔