پٹرول کی قیمت 225 روپے لٹر ؟ عوام کی ترجمانی ہو گئی
قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی مسلم پرویز نے واٹر پمپ فیڈرل بی ایریا پر قائم کیمپ پر مرکزی احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 11 ارب کا جہاز خرید کر بھی ان کے پیٹ نہیں بھررہے ہیں، عرصہ دراز سے لیوی کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لیوی کا مقصد یہ تھا قرضوں میں کمی آئے اور ترقیاتی کاموں پر توجہ دی جائے، جماعت اسلامی کے سابق ممبر قومی اسمبلی نے ایوان میں بھی لیوی کے خاتمے کے لیے بات کی تھی ، اگر لیوی کا خاتمہ کیا جائے تو پٹرول 225 روپے فی لیٹر ہو گا۔
مسلم پرویز نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹور میں بھی ٹیکس کی مد میں اضافی رقم وصول کی جاتی ہے، ایکسپورٹ کے جتنے بھی پروگرامز ہیں ان سب کی آمدنی حکمرانوں کے بنک بیلنس میں جاتی ہے، لیوی کے نام پر وصول کی جانے والی رقم بھی انہی کے بنک بیلنس پر جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجود صرف جماعت اسلامی ہی ہے جو پٹرولیم لیوی کے خلاف بات کررہی ہے، اگر عوام کا غصہ بڑھا تو پھر حکمرانوں کو چھپنے کے لیے جگہ بھی میسر نہیں ہو گی، وہ وقت ضرور آئے گا جب عوام انقلاب کے ذریعے حکمرانوں کو ایوانوں سے نکال باہر کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی منڈی میں تیل سستا، قیمتوں میں 2 فیصد کمی
قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ملک گیر سطح پر احتجاج کیا جارہا ہے، کراچی میں بھی 13 مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں، آج کے احتجاج حکمرانوں کے لیے توجہ ہے کہ عوام پر ظلم ختم کیا جائے۔
مسلم پرویز کا کہنا تھا کہ حکمران سمجھ لیں اور ہوش کے ناخن لیں ورنہ عوام کا غیض و غصب سب کچھ بہا لے جائے گا۔