گرمی کے بعد بارشوں کی نوید، ہائی الرٹ جاری
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شمالی علاقوں میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر متعلقہ اداروں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں باقاعدہ مون سون بارشوں کا آغاز یکم جولائی سے متوقع ہے، تاہم اس سے قبل پری مون سون ہواؤں کے باعث مختلف علاقوں میں بارشیں ہو سکتی ہیں۔
محکمہ نے بتایا کہ لاہور میں فی الحال بارش کا امکان نہیں، شہر میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 جبکہ کم سے کم 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں آٹھ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 63 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔
کراچی میں موسم گرم اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ہے اور مغربی سمت سے تقریباً 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے، جہاں دن کے وقت درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ صبح کے وقت درجہ حرارت 29 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن بھر موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ شہر میں نو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی اور ہوا میں نمی کا تناسب 39 فیصد سے زائد رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ دوسری جانب این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی اور متوقع بارشوں کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے سے دریا، ندی نالوں اور گلیشیائی جھیلوں میں پانی کی سطح اچانک بلند ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، شگر، گانچھے، کھرمنگ، استور، دیامر، اپر و لوئر چترال اور سوات سمیت حساس علاقوں کے رہائشیوں، سیاحوں اور مسافروں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا کا ایران پر فضائی حملہ،فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیائی جھیلوں اور دریا کناروں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، موسمی صورتحال پر نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع مقامی انتظامیہ کو دیں۔