پولیس چیک پوسٹ پر حملے میں ایک شخص جاں بحق، 5 زخمی
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے شہر بند کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے اچانک پولیس چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں موقع پر موجود افراد زد میں آ گئے۔ فائرنگ سے تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والا ایک شخص جان کی بازی ہار گیا، جبکہ تین پولیس اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
واقعے کے خلاف شہریوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے زیارت شہر بند کر دیا اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حملے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت نے اساتذہ کیلئے بڑی خوشخبری کا اعلان کردیا
دوسری جانب سیکیورٹی اداروں نے حملے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں۔