جعلی رسیدیں دینے اور سیل چھپانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت پنجاب ریونیو سے متعلق منعقدہ خصوصی اجلاس میں اہم فیصلے اور تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں جعلی رسیدیں دینے اور سیل چھپانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
دوران اجلاس بڑے ریسٹورنٹس میں کیش وصولی کے بجائے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم انسٹال کرنے پر غورکیا گیا، پنجاب میں میرج ہالز، مارکیز، فارم ہاؤسز اور بڑے فوڈ چین کی مانیٹرنگ کیلئے کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ فوڈ چین،میرج ہالز، فارم ہاؤسز میں ہر ٹرانزیکشن کا اندراج ہو گا ، اگر دنیا کیش سے ڈیجیٹل پر جا سکتی ہے تو پاکستان کیوں نہیں؟ ٹیکس چوری پر زیرو ٹالرنس،کیمرے کی آنکھ بھی دیکھے گی اور ڈیجیٹل سسٹم بھی پکڑے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے ٹیکس وصولی اور سیکٹرل میپنگ کی ہر ہفتے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
اجلاس میں مالی سال 27- 2026 کیلئے 528 ارب 50 کروڑ روپے کا ریونیو ہدف مقررکیا گیا، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کیش اکانومی سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب منتقلی کا حکم دیا۔
دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب ریونیو کلیکشن میں 38 فیصد اضافہ ہوا ،وصولی 250 سے 346 ارب تک پہنچ گئی جبکہ پی آر اے کا دائرہ کار 10 سے بڑھا کر 26 اضلاع تک وسیع کر دیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی آر اے میں انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ونگ،ٹیکس پیئر آڈٹ اور لیگل ونگ کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یکم جولائی سے تنخواہ پر کتنا ٹیکس کٹے گا؟ نئے سیلبز متعارف
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پی آر اے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اورشاباش بھی دی، انہوں نے پی آر اے میں انفورسمنٹ اور ہیومن ریسورس میں اضافے اور جدیدٹیکنالوجی سے لیس کرنے کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے عوام میں ٹیکس ادائیگی کا شعور و آگاہی بڑھانے کیلئے پی آر اے کے میڈیا ونگ کو مزید موثر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی آر اے جہاں کارروائی کرے،جامع انداز میں کارروائی کی وجوہات عوام کے سامنے لائی جائیں۔