گلگت بلتستان میں حکومت سازی کا فارمولا طے پا گیا
ذرائع کے مطابق دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان ہونے والی مشاورت کے بعد اہم عہدوں کی تقسیم پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ معاہدے کے تحت وزیراعلیٰ کا منصب پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس ہوگا جبکہ گورنر گلگت بلتستان کا عہدہ مسلم لیگ (ن) کو دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ لیڈر آف دی اپوزیشن اور ڈپٹی اسپیکر کے اہم عہدے بھی مسلم لیگ (ن) کے حصے میں آئیں گے۔
دریں اثنا پاکستان پیپلز پارٹی نے امجد حسین ایڈووکیٹ کو گلگت بلتستان کا وزیراعلیٰ نامزد کر دیا ہے، امجد حسین اس وقت پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر بھی ہیں اور پارٹی قیادت کو امید ہے کہ وہ خطے میں عوامی مسائل کے حل کیلئے مؤثر کردار ادا کریں گے۔
سیاسی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے گلگت ریجن سے پہلی مرتبہ کسی رہنما کو وزیراعلیٰ کے لیے نامزد کیا گیا ہے، جسے خطے کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی 9 نشستیں حاصل کرکے گلگت بلتستان اسمبلی کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کا پیر کو مستعفی ہونے کا امکان
دوسری جانب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے امجد حسین ایڈووکیٹ سے ٹیلیفونک رابطہ کرتے ہوئے حکومت سازی کے عمل اور عوام کے آئینی و معاشی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی جاری کی ہیں۔