گھر بیٹھے ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں، نئی سہولت متعارف کرا دی گئی
اس اقدام کا مقصد شہریوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے بچانا اور ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق خدمات ان کی دہلیز تک پہنچانا ہے۔
ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق اب شہری دستک ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق مختلف خدمات حاصل کر سکیں گے۔ نئی سہولت کے تحت لرنر ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے درخواست آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہے، جبکہ پہلے سے موجود لائسنس کی تجدید بھی موبائل ایپ کے ذریعے ممکن ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر کسی شہری کا لائسنس گم ہو جائے یا خراب ہو جائے تو وہ ڈپلیکیٹ لائسنس کے حصول کیلئے بھی آن لائن درخواست دے سکے گا۔
اس کے علاوہ بیرون ملک سفر کرنے والے افراد بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس کیلئے بھی دستک ایپ کے ذریعے درخواست جمع کرا سکیں گے۔
ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق لرنر ڈرائیونگ لائسنس کی فیس 500 روپے فی کیٹیگری مقرر کی گئی ہے، جبکہ تجدید اور ڈپلیکیٹ لائسنس کی فیس متعلقہ گاڑی یا موٹر سائیکل کی کیٹیگری کے مطابق سرکاری قواعد کے تحت وصول کی جائے گی۔
واضح رہے کہ دستک ایپلی کیشن پلے اسٹور سے آسانی سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے، ایپ میں موٹر سائیکل، کار، جیپ، ایل ٹی وی اور ایچ ٹی وی سمیت مختلف کیٹیگریز کے لائسنس سے متعلق معلومات اور سہولیات دستیاب ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سرکاری ملازمین اور پنشنرز کیلئے بڑی خوشخبری
کسی بھی قسم کی رہنمائی یا اضافی معلومات کیلئے ٹریفک پولیس پنجاب کی سرکاری ویب سائٹ یا متعلقہ ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام ای گورننس کے فروغ اور عوامی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔