آج رات ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان

آج رات ملک کے مختلف بالائی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، این ڈی ایم نے موسم کے باعث بنے والی صورتحال سے متعلق نیا الرٹ جاری کر دیا۔
فائل فوٹو
Updated | Published June, 4 2026 | Muhammad Bilal
اسلام آباد: (سنو نیوز) آج رات ملک کے مختلف بالائی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، این ڈی ایم نے موسم کے باعث بنے والی صورتحال سے متعلق نیا الرٹ جاری کر دیا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آج رات پنجاب ، خیبرپختونخوا ، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف مقامات پر بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان کے اکثر مقامات پر موسم گرم اور خشک رہ سکتا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری شدہ الرٹ کے مطابق بارشوں اور ژالہ باری کے باعث کمزور تعمیرات اور تنصیبات کو نقصان کا خدشہ ہونے کے ساتھ ساتھ شمالی علاقہ جات میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ اور لینڈ سلائیڈنگ متوقع ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ بارش،سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکوں کی بندش کا بھی خطرہ ہے، ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس، استور،شگر، چترال، کالام، اپر کوہستان اور آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ ہے۔

علاوہ ازیں شمشال ویلی، عطا آباد جھیل، کریم آباد، گل میت، ششکت بالا اور پاسو کے درمیان رابطہ سڑکیں حساس قرار دینے کے ساتھ شگر روڈ، اسکردو روڈ،دیوسائی روڈ، قراقرم ہائی وے پر لینڈ سلائیڈنگ سے راستے بند ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں رواں برس معمول سے کم بارشیں برسنے کا امکان

این ڈی ایم اے کے مطابق ممکنہ طور پر متاثرہ شاہراہوں میں قراقرم ہائی وے، ناران روڈ اور جگلوٹ، سکردو روڈ شامل ہیں، کالام، کندول، ارنگ کیل، داسو پٹن اور چترال ویلی کے مختلف مقامات پر سفری سرگرمیاں متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس شاہراہوں،پہاڑی علاقوں میں الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔