حکومت کا نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس اور ای ٹیکسیاں بلاسود دینے کا اعلان
اس منصوبے کا مقصد نوجوانوں کو سستی سفری سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا بھی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق الیکٹرک بائیکس اور ای ٹیکسیوں کی بلاسود فراہمی کی تجویز کو آئندہ بجٹ میں شامل کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ منصوبہ نوجوانوں کو معاشی طور پر خودمختار بنانے اور جدید، ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان نے اس حوالے سے بتایا کہ ای ٹیکسی اسکیم کے تحت مستحق افراد کو آسان اقساط پر گاڑیاں فراہم کی جائیں گی جبکہ فنانسنگ مکمل طور پر بلاسود ہوگی۔
اس کے علاوہ رجسٹریشن اور دیگر سرکاری مراحل میں بھی خصوصی سہولیات اور مراعات دی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس منصوبے سے فائدہ اٹھا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں معاشی سرگرمیوں میں شامل کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، ہزاروں نوجوان اس منصوبے کے ذریعے نہ صرف اپنی آمدن میں اضافہ کر سکیں گے بلکہ خود روزگار کے مواقع بھی حاصل کریں گے۔
بلال اکبر خان کا کہنا تھا کہ الیکٹرک ٹرانسپورٹ کے فروغ سے ایندھن پر انحصار کم ہوگا اور ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں:نادرا نے نیا برتھ نوٹیفکیشن ٹول متعارف کرا دیا
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے اس اسکیم کی مکمل تفصیلات، درخواست کا طریقہ کار اور اہلیت کے معیار آئندہ بجٹ اور پالیسی دستاویزات میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
یہ منصوبہ پنجاب کے نوجوانوں کیلئے روزگار، سہولت اور ترقی کے نئے دروازے کھولنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔