سہیل آفریدی ناراض ایم پی ایز کو منانے کیلئے میدان میں آگئے
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے ناراض ارکان کے تحفظات دور کرنے اور انہیں پارٹی پالیسی کے ساتھ ہم آہنگ رکھنے کیلئے متعدد ملاقاتیں اور مشاورت کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی رات گئے رکن صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی کی رہائش گاہ پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوئی، ملاقات میں ضلع خیبر کی ترقی، عوامی مسائل اور ان کے حل کیلئے حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عبدالغنی آفریدی نے اپنے بیان میں کہا کہ ملاقات کے دوران علاقے کی مجموعی ترقی اور عوامی فلاح سے متعلق مختلف امور زیر غور آئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے دیگر ناراض اراکین اسمبلی سے بھی ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں تاکہ ان کے تحفظات کو براہ راست سنا جا سکے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی قیادت کو بھی بعض ارکان نے اپنے خدشات اور شکایات سے آگاہ کیا ہے، مرکزی قیادت نے وزیراعلیٰ سے درخواست کی ہے کہ ناراض ارکان کو مناسب نمائندگی دی جائے اور ان کے تحفظات کو دور کرنے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں:بارش کہاں کہاں ہو گی؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا
اسی سلسلے میں وزیراعلیٰ نے آج شام پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں تمام ارکان کو شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اجلاس میں پارٹی امور، عمران خان کی رہائی سے متعلق حکمت عملی اور آئندہ سیاسی لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا،اجلاس میں ناراض ارکان کی شرکت بھی متوقع ہے جو اپنے تحفظات اور امن و امان کی صورتحال سے متعلق تجاویز پیش کریں گے۔