کوکین کوئین پنکی کے تفتیش میں تہلکہ خیز انکشافات
ذرائع کے مطابق انمول عرف پنکی نے کراچی، لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی تک منشیات نیٹ ورک چلانے کا اعتراف کیا ہے۔
تفتیشی رپورٹ کے مطابق انمول عرف پنکی 12 سال کی عمر میں لاہور منتقل ہوئی تھی، انمول عرف پنکی نے دورانِ تفتیش سابق شوہر رانا ناصر کو لاہور کا بڑا منشیات فروش قرار دے دیا، رانا ناصر کے بھائی رانا منصور اور رانا شہزور عرف سلطان کے نام بھی تفتیشی رپورٹ میں شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق رپورٹ میں"بوبی" اور "کرن عرف بلیک اینجل" کو بھی منشیات نیٹ ورک کا حصہ قرار دیا گیا ہے، انمول عرف پنکی نے دعویٰ کیا کہ 2024 میں لاہور سی آئی اے نے رشوت لے کر رہا کیا۔
رپورٹ کے مطابق انمول خالص کوکین میں مختلف کیمیکل ملا کر منشیات تیار کرتی تھی، کیٹامین، میتھ، لڈوکین اور دیگر کیمیکل ملا کر کوکین کی مقدار بڑھائی جاتی تھی، ایک گرام خالص کوکین کو کئی گنا بڑھا کر 20 سے 25 ہزار روپے فی گرام فروخت کیا جاتا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ منشیات کی ترسیل کیلئے بائیکیا، فوڈ پانڈا اور ان ڈرائیو کی جعلی یونیفارمز استعمال ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے، رائیڈرز کو کھانے اور عام پارسل جیسی پیکنگ کے ذریعے منشیات سپلائی کرنے کی تربیت دی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی سب سے بڑی کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی گرفتار
ذرائع نے لاہور سے کراچی منشیات منتقل کرنے کیلئے خواتین اور رائیڈرز استعمال ہونے کا دعویٰ کیا ہے، عاقب، اعزاز اور حمزہ نامی رائیڈرز کراچی میں سرگرم تھے، انمول عرف پنکی نے 700 سے 800 صارفین ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
تفتیشی رپورٹ میں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے نام بھی شامل ہیں تاہم بعض اداکاروں اور ماڈلز کے منشیات خریدنے کے دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
ذرائع کے مطابق ایک رکن قومی اسمبلی اور ان کی اہلیہ سے مالی لین دین کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے، انمول عرف پنکی نے اے این ایف اور بعض پولیس اہلکاروں پر رشوت لینے کے الزامات بھی عائد کردیئے۔
پنکی نے دعویٰ کیا کہ مختلف تھانوں کے اہلکار ہفتہ وار بھتہ لیتے تھے، ایک پولیس اہلکار پر رائیڈرز کو حراست میں لے کر کروڑوں روپے وصول کرنے کا الزام بھی الزام ہے۔
اس کو بھی دیکھیں: کوکین ڈیلر پنکی کے ابتدائی تفتیش میں سنسنی خیز انکشافات
ذرائع نے بتایا کہ انمول عرف پنکی کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں انسدادِ منشیات ایکٹ کے متعدد مقدمات درج ہیں، درخشاں، گزری اور ڈیفنس تھانوں میں انمول عرف پنکی کے خلاف مقدمات زیرِ تفتیش ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ حساس اداروں نے انمول عرف پنکی کے سہولت کاروں اور مالی معاونین کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے، تفتیش کا دائرہ کار کراچی سے لاہور تک بڑھا دیا گیا ہے۔