جماعت اسلامی کا طلبہ کیلئے تعلیمی کارڈ، 10 ہزار کی خریداری ممکن

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے طلبہ کے لیے تعلیمی کارڈ کے اجرا ء کر دیا ۔
فوٹو بشکریہ امیر جماعت اسلامی سوشل میڈیا
Updated 23 گھنٹے قبل | Published May, 13 2026 | Muhammad Bilal
کراچی : (ویب ڈیسک ) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے طلبہ کے لیے تعلیمی کارڈ کے اجرا ء کر دیا ۔

جم خانہ گلبرگ کراچی میں منعقدہ تقریب کے دوران امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی جانب سے ٹاؤن سکولوں کے 5 ہزار طلباء وطالبات کو ڈیجیٹل تعلیمی کارڈ جاری کیےگئے۔

تعلیمی کارڈ کے ذریعے طلباء 10 ہزار روپے تک کی خریداری کرسکیں گے، جس میں کتابیں، کاپیاں، سٹیشنری، یونیفارم سمیت دیگر تعلیمی اشیاء شامل ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے ٹاؤن چیئرمین نصرت اللہ، ان کی ٹیم، اہل خیر افراد اور تعاون کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں 14 لاکھ بچے رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جبکہ جماعت اسلامی نے اپنے 9 ٹاؤنز میں تقریباً 50 سکولوں کو اپ گریڈ کر کے انہیں بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ تعلیم حکومت اور ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، مگر بدقسمتی سے یہ ذمہ داری پوری نہیں کی جا رہی، ملک بھر میں 2 کروڑ 62 لاکھ جبکہ سندھ میں 78 لاکھ بچے سکول جانے کی عمر کے باوجود تعلیم سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بچے ملک کا مستقبل ہیں، انہیں نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: جن لوگوں کے پاس زمین نہیں، مفت فراہم کریں گے، مریم نواز

حافظ نعیم الرحمان کا سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صوبے کے 41 ہزار سکولوں کی حالت مسلسل خراب ہو رہی ہے، جہاں نہ تعلیمی معیار بہتر ہے اور نہ ہی بنیادی سہولیات دستیاب ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت کا اربوں روپے کا بجٹ بدانتظامی، نااہلی اور کرپشن کی نذر ہو جاتا ہے جبکہ جماعت اسلامی صرف دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔